تعلیمی وظائف(اسکالر شپ)
تعلیم کے اس تقابلی دور میں ہر فرد اور ہر جماعت کی ذمہ داری ہے کہ فروغ تعلیم کے سلسلہ میں اپنا مضبوط کردار ادا کرے،اور اس سلسلے میں تعاون کے مختلف زاویوں کو باقتضائے ضرورت جس قدر ممکن ہو عمل میں لائے،مثلاً تعلیم کے لئے ایسے غفلت شعار والدین کو ذہنی طور پر آمادہ کرے جن کی اولاد تعلیمی درسگاہوں سے نفور کی حد تک دور ہے، یا ایسے سنجیدہ فکر والدین کے لئے مالی تعاون کی سبیل پیدا کرے جو تعلیم سے دلچسپی تو رکھتے ہیں لیکن ہائی ایجوکیشن کے لئے ان کے پاس نہ تو پیسے ہیں اور نہ ہی وسائل،ایسے نادار طلبہ کی کم از کم اپنی حیثیت کے اعتبار سے اسکالر شپ کا نظم کرے تاکہ اس کا مثبت کردار ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں معاون ہو۔یہ فکری اساس در حقیقت زندہ قوموں کا سرمایہ ہے۔
جمعیۃ علماء ہند چونکہ ایک فلاحی اور رفاہی جماعت ہے،اس لئے اس کے مقاصد اساسی میں ہر وہ تحریک شامل ہے جس سے انسانیت پروان چڑھتی ہے اور آدمیت کا سر اونچا ہوتا ہے،اور ظاہر ہے علم ہر لحاظ سے اس لائق ہے کہ اسے ٹارگیٹ کیا جائے،کیونکہ اقوام عالم کی ترقی و تنزلی کا راز اسی علم کے ارتقاء و انحطاط میں پنہاں ہے۔ جس قوم کے افراد،دولت علم سے بہرہ ور ہوتے ہیں اس کی جبین تقدیر میں ستارے ٹانکے جاتے ہیں اور جس قوم کے اشخاص نعمت علم سے محروم ہوتے ہیں اس کا مقام ثریا نہیں بلکہ تحت الثریٰ ہوتا ہے۔اس لئے جمعیۃعلماء ہند نے روز اول سے اس طرف توجہ دی ہے کہ علمی میدان میں قوم مسلم کو آگے بھایا جائے اور تحصیل علم میں حارج ہر اس رکاوٹ کو ختم کیا جائے جو عموماً قلت وسائل کی بنیاد پر پیدا ہوجایا کرتی ہیں،ان ہی بنیادی موانع کو سامنے رکھ کر اسکالر شپ کا سلسلہ مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ زیر انتظام جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی طرف سے ایک مدت سے جاری ہے۔
مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ زیر انتظام جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا فی عرصہ سےریاست مہاراشٹر کے ان طلبہ و طالبات درجہ پنجم سے لیکر اعلی تعلیم تک کے حصول کے لئے تعلیمی اسکالر شپ کا انتظام کرتی آرہی ہے،جن کو اپنی مالی پریشانی کی وجہ سے تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ زیر انتظام جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے قانونی امداد کے شعبہ کو پائیدار بنانے کے مقصد سے LLBیعنی قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے لئے پچھلے کئی برسوں سے خصوصی اسکالر شپ”شہید ایڈوکیٹ شاہد اعظمی اسکالر شپ“کا نظم کر رکھا ہے،جس سے ہر سال خاصی تعداد میں طلبہ و طالبات استفادہ کرتے ہیں۔چنانچہ ہر سال تعلیمی سال کے شروع میں اسکالر شپ کا اعلان کیا جاتا ہے،اور مستحق طلبہ و طالبات کو خطیر رقم چیک کی صورت میں ان کے اداروں کے نام دی جارہی ہے۔
اعلان برائے تعلیمی وظائف سال 2024 – 2025
مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ درجہ پنجم تا سبھی اعلی تعلیم کے حصول کیلئے (کسی میڈیئم اور کورس کی تخصیص نہیں ہے) حسب سابق قانون (LL B) کی تعلیم کے لئے “ایڈوکیٹ شہید شاہد اعظمی اسکالرشپ” کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تعاون کے طلبگار طلبہ و طالبات فارم www.jumaharashtra.com سے 25؍جون 2024ء تا 10؍جولائی 2024ء ڈائون لوڈ کریں اور اس کو پُر کرکے مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ31 ؍اگست 2024 تک دستی ؍ ڈاک/کوریئر کے ذریعہ مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ ممبئی کیئر آف دفتر جمعیۃعلماء مہاراشٹر،امام باڑہ کمپاؤنڈ ،امام باڑہ روڈ ،نزد مغل مسجد ،ممبئی 400009 میں جمع کرائیں ۔
:نوٹ
-الف :- صرف صوبہ مہاراشٹر کے ہی طلبہ وطالبات وظیفہ(اسکالر شپ) کے مستحق ہوںگے
ب :- صرف وہی امیدوار اسکالرشپ کے مستحق ہوں گے جو مطبوعہ فارم میں یہ صراحت کریں گے کہ وہ زکوٰۃ کے مستحق ہیں
ج :- اسکالر شپ کے مستحق وہ طلبہ و طالبات ہوں گے جن کا سالانہ رزلٹ کم سے کم %75 ہو۔
د :- اسکالر شپ کے متعلق جملہ امور میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ذمہ داروں کا فیصلہ آخری ہوگا۔